اسٹیٹ بینک اور بینکس ایسو سی ایشن نے مشترکہ کال سینٹر قائم کردیا

 اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان بینکس ایسوسی ایشن ( پی بی اے )نے اپنے رکن بینکوں کی طرف سے اور یوفون کی معاونت سے  اپنی ’’ میراپاکستان  میرا گھر ہیلپ لائن ‘‘ کا آغا ز کردیا ہے جو پاکستان بھر میںکم لاگت ہائوسنگ قرضے حاصل کرنے والوں کی سہولت کیلئے بینکوں کا مشترکہ کال سینٹر ہے۔ ہیلپ لائن کے آغاز کی تقریب کا انعقاد اسلام آباد میں یوفون کال سینٹر میں منعقد کی گئی جس میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ، ڈاکٹر رضا باقر، چیئرمین  NAPHDA ، لیفٹیننٹ جنرل ( ریٹائرڈ) انور علی حیدر، چیئرمین پی بی اے اور صدر ایچ بی ایل ، محمد اورنگزیب ، سی ای او، پی بی اے توفیق حسین، اور بینکوں کے صدوراور سی ای اوز نے شرکت کی ۔ اس ہیلپ لائن کا بنیادی مقصد بینکوں میں کم لاگت ہائوسنگ لون کیلئے قرضوں کی سہولت کے حوالے سے پراڈکٹ کی معلومات کیلئے ون سٹاپ سلوشن کی فراہمی کے ساتھ ساتھ کم لاگت ہائوسنگ قرضوں کے حصول کیلئے پالیسی، طریقہ کار اور ضروری دستاویزات کے بارے میں معلومات اور رہنمائی مہیا کرنا ہے ۔ قرض خواہوں کے مقام اور ترجیحات کی بنیاد پر کال سینٹر کے ایجنٹس مزید معلومات کیلئے متعلقہ بینک کے کال سینٹر میں کال کو منتقل کریں گے ۔ کال سینٹر کال کے ذریعے  ریکارڈنگ اور قرض خواہوں کی شکایات اور مشکلات کو بھی حل کیا جائے گا۔ گورنر ایس بی پی ، ڈاکٹر رضا باقر نے میرا پاکستان میرا گھر ہیلپ لائن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہون نے کہا کہ وزیرا عظم عمران خان کے عوام کو سستے گھروں کی فراہمی  کے وژن کے مطابق  ایس بی پی نے گورنمنٹ مارک اپ سبسڈی سکیم کے تحت شرائط و ضوابط میں نرمی کی اور قرضے کی رقم میں اضافہ کیا ہے تاکہ پاکستان میں سستے گھروں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔ ہیلپ لائن ایک عظیم اقدام ہے جس سے قرض خواہوں کو سکیم کے حوالے سے سوالات کے جوابات کے حصول اور انہیں ان کے پسندکے بینک کی طرف منتقل کرنے مین آسانی رہے گی تاکہ انہیں تیز تر اور آسانی کے ساتھ سہولت حاصل ہوسکے۔ محمد اورنگزیب ، چیئرمین پی بی اے نے کہا ’’ میرا پاکستان میرا گھر ۔ہیلپ لائن پی بی اے کی قیادت میں اٹھایا گیا اقدام ہے جو تمام رکن بینکوں اور یوفون کے اشتراک سے ممکن ہوا ہے۔یہ ہیلپ لائن  اسٹیٹ بینک کی طرف سے متعارف کرائے گئے انتہائی پرکشش او ر آسان شرائط کے باعث قرضے کے حصول مین دلچسپی رکھنے والے  افراد کی طرف سے معلومات کیلئے آنے والی لاتعداد کالوں کو ہینڈل کرنے مین موثر ثابت ہوگی۔ پی بی اے کی مدد سے فیصل بینک ، ایچ بی ایل اور میزان بینک نے طریقہ کار کو آسان بنانے میں کردار ادا کیا اور وہ تکنیکی ، آپریشنل اور تجارتی پہلوئوں کے حوالے سے پی بی اے کو معاونت فراہم کرتے رہیں گے تاکہ اس اقدام کو کامیاب بنایاجاسکے ۔

ای پیپر دی نیشن