نبی کریم ؐ کے امن کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلائیں گے،  ڈاکٹر اختر ملک

Oct 09, 2021

ملتان (خبر نگار خصوصی ) صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ ضلع ملتان سمیت صوبے بھر میں شان رحمتہ اللعالمین تقریبات کا بھرپور عقیدت سے آغاز کردیا گیا ہے۔ ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ ڈپٹی کمشنر آفس میں شان رحمتہ اللعالمین تقریبات کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عامرکریم خاں بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ضلعی سطح پر نعت خوانی کے مقابلے کرائے جائیں گے جبکہ تمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں بھی کیا جائے گا۔اختر ملک نے مزید کہا کہ ہم اپنے پیارے بنی کے امن کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلائیں گے اور امن کا سبق دینگے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ایونٹس کی سکیورٹی کے حوالے سے پلان ترتیب دیا جا چکا ہے۔ دریں اثناء عشرہ شان رحمت العالمین بھرپور طریقے سے منانے کیلئے کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد  نے انتظامات بارے اجلاس کی صدارت کی۔انہوں نے کہا کہ اضلاع، ڈویژن کی سطح پر قرأت نعت کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔خواتین کیلئے میلاد النبی کا خصوصی انعقاد کیا جائے گا۔ تمام افسران و اہلکار ربیع الاول کے حوالے سے سپیشل بیجز لگائیں گے۔اضلاع کے داخلی خارجی راستوں، اہم عمارات کو بھی سجایا جائے۔ اجلاس میں ڈویڑن کے ڈ پٹی کمشنرز اور محکموں کے افسران شریک ہوئے جبکہ ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے تفصیلی جامع پلان بھی جمع کروا دیا گیا۔

مزیدخبریں