متاثرین کی تذلیل کر کے پیسے دینا دین کے خلاف ، صرف گھر بنانے کیلئے رقم دیں گے: عمران

Oct 09, 2022


اسلام آباد+ڈیرہ اسماعیل خان ( اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی تذلیل کر کے پیسہ دینا میرے دین کے خلاف ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں سابق وزیراعظم نے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کہتا ہے ایک ہاتھ سے دو دوسرے ہاتھ کو پتہ نہ چلے۔ ہم نے سیلاب زدگان میں رقم تقسیم کرنے کے لیے ایک جامع تصدیقی نظام قائم کیا ہے، اس نظام کے تحت متاثرین بنک میں چیک دیں گے اور انہیں پیسہ مل جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے جمع عطیات کو شفاف طریقے سے خرچ کرنا بڑی ذمے داری ہے اور ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ متاثرین کو صرف گھر بنانے کے لیے پیسہ دیں گے۔ ہم نے سب سے نچلے طبقے کی مدد کرنی ہے، غریبوں کی مدد کرتے وقت سب سے اہم پہلو اس کے وقار کو برقرار رکھنا ہے۔ طیاروں سے کھانا پھینکتے ہوئے دیکھ کر شرمندگی ہوئی۔ ہم نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خوشی ہے ہم نے ملک میں وہ کام کیا جو امیر ممالک بھی نہیں کر سکے جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی ہماری بھرپور مدد کی۔ پنجاب اور کے پی میں ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک کی ہیلتھ سہولت دی ہے جس کی مدد سے کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال میں جاکر مفت علاج کرواسکتے ہیں۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ میں اپنی ساری قوم کو جشن عید میلادالنبیؐ کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ آج شام 4بجے ایف نائن پارک اسلام آباد میں عوام کو دعوت دے رہا ہوں۔ سیرت نبیؐ پر گفتگو ہوگی۔ 

مزیدخبریں