لاہور (نامہ نگار) ڈی آی جی آپریشنز لاہور افضال احمد کوثر نے کہا ہے کہ پولیس خدمت مراکز میں ویری فکیشن و کریکٹر سرٹیفکیٹس کیلئے اشٹام پیپر کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ سرکاری و نجی ادارہ اور کمپنی کے ملازمین کی پولیس ویری فکیشن کا حصول انتہائی آسان بنایا گیا ہے۔ اب پنجاب کے سرکاری و نجی ادارے آن لائن سنٹرز کے ذریعے ویری فکیشن کروا سکیں گے۔ متعلقہ ادارہ اپنے نمائندہ کو اتھارٹی دیکر ملازمین کا پولیس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتا ہے۔ افضال احمد کوثر نے بتایا کہ ماہ ستمبر کے دوران 39 ہزار 455 شہریوں نے پولیس خدمت مراکز سے استفادہ کیا۔ مجموعی طور پر 4450 شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے، غیر ممالک سے موصول ہونے والی 178 درخواستوں پر بھی کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے۔ خدمت مراکز میں 31 اندراج کرایہ داری 205 گمشدگی رپورٹس، 9 کرائم رپورٹس، 689 شہریوں نے ایف آئی آرز نقول سے استفادہ کیا۔