کریمیا سے ملانے والا  پل تباہ روس نے یوکرائن آپریشن کیلئے نیا جنرل لگا دیا


ماسکو‘ کیف (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) آبنائے کرچ پر بنے روس اور کریمیا کو ملانے والے پل کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ عالمی خبررساں ادارے کے مطابق جزیرہ نما تمان کی طرف سے کریمین پل کے آٹو موبائل حصے پر ایک ٹرک کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جس کی وجہ سے جزیرہ نما کریمیا کی طرف جانے والی ٹرین میں ایندھن کے سات ٹینک جل گئے۔ آبنائے کرچ پر بنا یہ پل روس کو اس کے الحاق شدہ علاقے کریمیا سے ملاتا ہے اور یہ یوکرائن جانے کا راستہ بھی ہے۔ اس سے اس پل کی عسکری اہمیت کا اندازہ بھی ہوتا ہے۔ دھماکے کے بعد پل پر آمدورفت منقطع ہو گئی اور فضا میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ دھماکے میں جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔ دھماکہ پل پر سے گزرنے والے ایک ٹرک میں ہوا تھا۔ واضح رہے کہ پیوٹن نے 2014ء میں یوکرائن کے علاقے کریمیا پر قبضے کے بعد 2018ء میں اس پل کا افتتاح کیا تھا۔ دوسری جانب یوکرائن کے مشرقی صنعتی قصبے باخموت  میں گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ جبکہ زپورئیژا میں 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ ماسکو کی حمایت یافتہ علیحدگی پسند فورسز جنگ زدہ  ڈونیٹسک ریجن میں آس پاس کے دیہاتوں پر دوبارہ قبضہ کرنے کے بعد پیش قدمی کر رہی ہیں۔ فروری میں یوکرائن پر حملہ کے بعد اب اگر روس کو اس علاقے قبضہ حاصل ہو جاتا ہے تو یہ روس کیلئے ایک بڑا انعام ہو گا۔ اوٹراڈوکا‘ ویسلایا ڈولینا اور زیتسیوو کے علاقے بھی شدید گولہ باری سے گونجتے رہے۔ دریں اثنا ترک صدر طیب اردوان نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے فون پر بات کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر یوکرائن جنگ کے پرامن حل میں کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ ترکی کے ڈائریکٹوریٹ آف کمیونیکیشنز کے مطابق دونوں سربراہان مملکت کے درمیان یوکرائن میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر بھی بات کی گئی۔ دریں اثناء روس نے کئی علاقوں کی پسپائی کے بعد یوکرائن آپریشن کیلئے نیا فوجی جنرل مقرر کر دیا ہے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق ماضی میں شام میں روسی دستوں کی قیادت کرنے والے جنرل سرگئی سوروون کو یوکرائن میں روسی ملٹری آپریشن کا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔ سرگئی ماضی میں بھی روسی افواج کے اہم عہدوں  اور کئی ملٹری آپریشنز کی سربراہی کر چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن