لاہور (سپیشل رپورٹر) پیدل مقدس حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے بھارت سے ممکنہ آنے والے مسلمان شہری کو پاکستان کا ویزا جاری کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔ پاکستانی سرور تاج نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ شہاب نامی مسلمان بھارت کا رہنے والا ہے وہ مقدس فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے گھر سے نکلا ہے مگر واہگہ بارڈر پر رکا ہوا ہے جبکہ یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ پاکستانی حکام شہاب کو سکیورٹی فراہم کریں جبکہ اس کا تمام تر خرچہ درخواست گزار ادا کرے گا اور عدالت چاہے تو اس حوالے سے سائل 5 لاکھ روپے جمع کروا سکتا ہے۔ درخواست میں حکومت پاکستان وزیر خارجہ، وزارت داخلہ اور آئی جی پنجاب پولیس کو فریق بنایا گیا ہے۔