ایٹمی پاکستان کو عالمی ایجنڈا کے تحت کمزور کرنے کی سازشیں عروج پر: سراج الحق 

Oct 09, 2022

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے سب سے زیادہ دھوکا ملک کے نوجوانوں کو دیا۔ یوتھ کو روزگار دینے کے وعدے کر کے بے روزگار، مستقبل سے مایوس اور ڈپریشن کا مریض بنا دیا گیا۔ لاکھوں پڑھے لکھے نوجوان نوکریوں کے لیے در در کی ٹھوکریں کھا رہے اور ہزاروں بیرون ملک جا رہے ہیں۔ نوجوانوں کا اخلاق اور کردار تباہ کرنے کے لیے نت نئے طریقے ایجاد ہو رہے ہیں۔ ایٹمی پاکستان کو عالمی ایجنڈے کے تحت کمزور کرنے کی سازشیں عروج پر، استعمار ملک کی معیشت، معاشرت اور سیاست تباہ کرنے کے درپے ہے۔ موجودہ اور سابق حکومتیں ملک کے تمام مسائل میں برابر کی ذمہ دار ہیں۔ جھوٹ، الزام تراشی کی سیاست سے نوجوانوں کے ذہنوں کو پراگندہ کیا جا رہا ہے۔ 65فیصد یوتھ رکھنے والے ملک کو اسلحہ سے نہیں تہذیبی یلغار سے کمزور کرنے کی چالیں مغرب کا ایجنڈا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں صوبہ پنجاب کے ذمہ داروں اور جے آئی یوتھ کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم،  جاوید قصوری،  ڈاکٹر طارق سلیم،  قیصر شریف، زبیر گوندل کے امرا اور جے آئی یوتھ کے صوبائی صدور نے مینارہ پاکستان پر 23اکتوبر کو ہونے والے یوتھ لیڈرزشپ کنونشن کی تیاریوں کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کی۔ ’’پاکستان زندہ باد ‘‘ کے نام سے ہونے والے ایک روزہ کنونشن میں ملک بھر ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں ترکی، ملائشیا، سوڈان سمیت دیگر اسلامی ممالک کی نوجوان لیڈرشپ کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

مزیدخبریں