فرقہ واریت،انتہا پسندی،شرانگیزی ‘ دہشت گری کا کوئی مذہب نہیں:سی سی پی او


لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر سے سنٹرل ایگزیکٹو امن کمیٹی کے ارکان نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ملاقات کی۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،ایس پی سکیورٹی صاعد عزیز،تمام ڈویژنل افسران اور متعلقہ پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔سی سی پی او  نے کہا کہ اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر بین المسالک ہم آہنگی سے شہر کو امن  کا گہوارہ بنانا ہے۔اجلاس میں 11 اور 12ربیع الاول کی محافل و جلوسوں، ریلیوں اور میلاد کانفرنسز کی سکیورٹی اور شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ 12 ربیع الاوّل پر شہریوں کی سکیورٹی و سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وسیع تر قومی مفاد میں ہم سب ذاتی، گروہی اختلافات بھلا کر متحد ہیں اور11 اور 12 ربیع الاول کو ہم سب امن کی خاطر ساتھ ہونگے۔ فرقہ واریت،انتہا پسندی،شرانگیزی اور دہشت گری کا کوئی مذہب نہیں،ہم سب نے مل کر تفرقہ بازی کو ختم کرنا اور دائمی امن قائم کرنا ہے۔ علماء خطبات میں امن کا پرچار کریں۔امن دشمن عناصر کی  بزدلانہ کارروائیوں کو باہمی اتحاد اور یگانگت سے ناکام بنائیں گے۔  بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کی اشد ضرورت ہے۔

 ہم سب کو مل کر تمام مسالک کے مذہبی و مقدس پروگراموں کو پْرامن اور کامیاب بنانا ہے۔ امن و سلامتی کا گہوارہ بنانے کیلئے امن کمیٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ رحمت اللعالمینؐ کی محبت اور عقیدت سے سرشار انسان ہی سچا عاشق رسول ؐہے۔شہریوں کی جان و مال،عزت و آبرو کی حفاظت میں ہی رسول پاکؐ کے اسوہ حسنہ کی پیروی ہے۔امن کمیٹی کے تمام ارکان نے 11 اور 12ربیع الاول کے پروگراموں کو پرامن بنانے کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراوئی۔

ای پیپر دی نیشن