اسلام آباد (اعظم گِل) سپریم کورٹ میں ججز کی پانچ خالی آسامیوں پر تعیناتی کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن کے ممبران جسٹس سردار طارق اور جسٹس منصور علی شاہ نے چیف جسٹس کو مشترکہ خط لکھ دیا ہے۔ فاضل ججز نے سپریم کورٹ میں خالی آسامیوں پر فوری تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ ججز کی خالی آسامی پر تعیناتی 30 دن میں کی جائے۔ سپریم کورٹ میں ججز کی آسامیاں فروری سے خالی ہونا شروع ہوئی ہیں۔ فاضل ججز نے لکھا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے رکن جسٹس قاضی فائز عیسی نے بھی جوڈیشل کمیشن اجلاس بلانے کیلئے 28 ستمبر کو خط لکھا، فاضل ججز نے کہا ہے کہ ججز تعیناتی میں تاخیر سے عدلیہ میں سیاست اور من پسند تقرریوں کا تاثر پھیل رہا ہے اور ان آسامیوں پر تقرریوں میں غیر ضروری تاخیر سے تعیناتیوں کے عمل کی شفافیت پر بھی سوال اٹھتے ہیں، چیف جسٹس آف پاکستان کے نام لکھے گئے خط میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس اور 16 ججز ہوتے ہیں۔
سپر یم کورٹ میں 5 ججز کی تعیناتی کیلئے جوڈیشل کمشن کے 2 ارکان کا چیف جسٹس کو خط
Oct 09, 2022