لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) رکن قومی اسمبلی چودھری حسین الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) ملک، صوبے اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں ہے۔ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی جب بھی صوبے میں ڈیلیور کرنے کا سوچتے ہیں تو مرکز سے رکاوٹیں کھڑی کر دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو عوام کے درد کی کوئی پروا نہیں، مریم صفدر کہتی تھیں کہ پٹرول کی قیمت بڑھنے سے دل خون کے آنسو روتا ہے اور بند کمروں میں شہباز شریف کو کہتی رہیں کہ پٹرول کی قیمت بڑھا دیں۔ اب مریم صفدر کا عوام کیلئے درد کہاں گیا؟ اتنے زیادہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ وہ یہاں لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ راولپنڈی کی تنظیمی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ سابق وفاقی وزیر اسمبلی چودھری وجاہت حسین، چیئرمین وزیراعلیٰ شکایات سیل و ضلعی صدر راولپنڈی زبیر خان، نائب صدر راولپنڈی چودھری شہباز گوشی، جنرل سیکرٹری فیاض تبسم، ڈسٹرکٹ کونسل ممبرز راولپنڈی حاجی ارشد محمود، میڈم رفعت اور راولپنڈی کی تنظیم کے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ چودھری حسین الٰہی نے کہا کہ اگر یہ لوگ اقتدار میں ہوں تو مزے لوٹتے ہیں اور اقتدار میں نہ ہو تو لندن بھاگ جاتے ہیں، پیپلز پارٹی والے ایسے شخص کو وزیراعظم بنانا چاہتے ہیں جسے یہ نہیں پتہ کہ انڈے درجن میں بکتے ہیں یا کلو میں۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں نہیں دے سکتے جو پچھلے تیس سالوں سے ملک اور عوام کو لوٹ رہے ہیں۔ ان کے کاروبار اور اولاد سب بیرون ملک ہیں۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ ان کے ذاتی سرمایہ میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین نے کہا کہ کارکنوں کو ساتھ لے کر چلنا اور انہیں آ گے بڑھنے کا موقع دینا چودھری پرویزالٰہی کی سیاست کا نصب العین ہے۔ جن لوگوں کیلئے ہم نے قربانیاں دیں انہوں نے ہی مسلم لیگ کا بیڑا غرق کیا، ایسے لوگوں کو عنقریب حلقے سے جوتے پڑیں گے۔
پرویز الٰہی ڈلیور کرنے کا سوچتے ہیں مرکز رکاوٹیں کھڑی کر دیتا: حسین الٰہی
Oct 09, 2022