اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اقتصادی امورسردارایازصادق نے کہاہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کومل کرکوششیں کرنا ہوں گی ۔ انہوں نے یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کے 55 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزیرنے پاکستان میں مون سون کی حالیہ غیرمعمولی اورتباہ کن بارشوں اورسیلاب سے ہونے والے نقصانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ یہ عالمی برادری کیلئے ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے ایک انتباہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ماحول کونقصان پہنچانے والی گیسوں میں پاکستان کاحصہ ایک فیصدسے بھی کم ہے مگراس سے ہونے والے نقصانات اورمتاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے۔وفاقی وزیرنے کہاکہ اس سال ہم 40 فیصد زیادہ بارشوں کی توقع کررہے تھے تاہم بعض علاقوں میں 300 سے لیکر1700 فیصدسے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ملک میں سیلاب سے زیادہ نقصان ہوا، ان بارشوں اورسیلابی پانی کی وجہ سے ہمیں ریلیف اورریسکیوکے کاموں میں بھی مشکلات کاسامناکرنا پڑا۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں گلیشئرز کے پگھلنے یا ٹوٹنے سے سیلاب آتے تھے تاہم اس باریہ تباہی آسمان سے برسنے والی مسلسل بارشوں سے آئی۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ اب ہمیں آنکھیں کھول کر اورسروں کوجوڑ کراس مسئلہ کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں کرنا ہوں گی ہوسکتاہے کہ دنیا پاکستان میں ہونے والے سیلاب کو چندماہ میں بھول جائے لیکن ہم اسے نہیں بھولیں گے۔وفاقی وزیرنے کہاکہ جس طرح کی تباہی پاکستان میں ہوئی ہے خدانخواستہ کل کوئی اورملک بھی اس کا نشانہ بن سکتا ہے، ہمیں انسانی جانوں اوربنیادی ڈھانچہ کوبچاناہے کیونکہ ایک ایک انسانی زندگی قیمتی ہے ۔