آفات کیخلاف قوم کی استقامت اور تیاری کو بہتر بنائیں گے،عارف علوی

Oct 09, 2022

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے8  اکتوبر ''قومی یوم استقامت'' کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ8  اکتوبر کا دن ہمیں قدرتی آفات کے متاثر ہ تمام خاندانوں کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کے اظہار تباہ کن زلزلہ کی یاد دلاتا ہے، جس سے ملک کے مختلف حصوں میں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تھی۔ ایوان صدر پریس ونگ کی جانب سے جاری اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم عزم کرتے ہیں کہ آفات کے خلاف قوم کی استقامت اور تیاری کو مزید بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی نے ایک بار پھر پاکستان کو  شدید متاثر کیا ہے، مون سون سیزن2022  میں پاکستان میں گزشتہ30  سالوں کے مقابلہ میں کی اوسطاً 190  فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں۔ صدر مملکت  نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان میں تقریباً 500  فیصد زیادہ بارشوں کی وجہ سے بہت سے حصے سیلاب کی نذر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی آفت کے نتیجہ میں1695  اموات ہوئیں اور تقریباً 13  ہزار افراد زخمی بھی ہوئے۔ اس کے علاوہ2  ملین سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا اور40  لاکھ ایکڑ سے زیادہ رقبہ پر فصلوں اور بنیادی ڈھانچہ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ سیلاب سے پاکستان کے33  ملین سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور لاکھوں افراد کو انسانی بنیادوں پر امداد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ وہ اس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ2005  کے بعد سے کئی بار بڑی شدت کی متعدد آفات کا شکار ہونے کے باوجود پاکستانی عوام نے ہمت، بے لوث قربانی کے جذبے اور آزمائش کا مقابلہ کرنے کے لیے انتہائی لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم یوم استقامت کے موقع پر تمام مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے خود کو تیار رکھنے اور زیادہ سے زیادہ کوششیں کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی سٹیک ہولڈرز تیز اور فوری رسپانس کے علاوہ آفات کے خطرے میں کمی اور تیاری کو یقینی بنانے کے لیے باہمی ہم آہنگی یقینی بنائیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بین الاقوامی برادری، سول سوسائٹی اور مخیر حضرات کی جانب سے سیلاب کی جاری تباہی کے دوران فراہم کردہ امداد کو بھی سرتا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے۔ انہوں نے اپنے پختہ یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ماضی کی طرح سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی دل کھول کر مدد کرتے رہیں گے۔

مزیدخبریں