کراچی (نیوز رپورٹر) قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی نے عید میلا د النبی صَلَّی اللہ عَلیہ وَسَلَّم کے موقع پر عالم اسلام کو مبار ک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن کا داعی ہے اسلام اور امن دونوں ایک ہی چیز کے دو نام ہیں جہاں اسلام ہوگا وہاں امن بھی ہوگا ہمارا معاشرہ پر امن ہوگا تو دنیا کی قومیں خود بخود اسلام کے پیغام کو سمجھیں گی۔ عید میلاد النبی صَلَّی اللہ عَلیہ وَسَلَّم ہمارے دلوں کے بہت نزدیک ہے کیونکہ اس دن اللہ تعالی نے ہمارے پیارے نبی صَلَّی اللہ عَلیہ وَسَلَّم کو اِس دنیا میں رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا۔ حضرت محمد صَلَّی اللہ عَلیہ وَسَلَّم سے سچی محبت کا تقاضہ ہے کہ پاکستان میں مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے نبی صَلَّی اللہ عَلیہ وَسَلَّم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر ہی دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔ رواداری ، بھائی چارہ ، اخوت ، محبت اور ایثار اسلام کا درس ہے حب الوطنی کا تقاضہ ہے کہ ہم سب ملکر حضرت محمد صَلَّی اللہ عَلیہ وَسَلَّم کی تعلیمات کو اپنائیں یہی پیغام ہمارے پیارے نبی صَلَّی اللہ عَلیہ وَسَلَّم کا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج عید میلا د النبی صَلَّی اللہ عَلیہ وَسَلَّم کا دن ساری کائنات با الخصوص عالم اسلام کے لئے انتہائی خوشی اور مسرت کا دن ہے اس روز سعید پر میں تمام مسلمانوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔