کراچی(نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اسامہ بن رضی نے کہاہے کہ حضور ﷺ سے عشق اور محبت ہمارے ایمان کا جز ہے ۔حضورﷺکی ذات مبارکہ کے ساتھ ساتھ ان کے مشن سے بھی محبت کی جائے ۔حضور آئے تو تاریکیوں کا خاتمہ ہوا ۔اسلام باطل کے خلاف کھڑا ہوجانے کا حکم دیتا ہے ۔یہ بات انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ کورنگی شرقی حلقہ اقصی کے تحت کورنگی جے ایریا رانی باغ میں منعقدہ ,,سیرت کانفرس ،،سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی ۔اس موقع پر جمعیت اتحاد العلماء ضلع کورنگی کے صدر قاری منصور احمد نے بھی خطاب کیا۔جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے سیکریٹری عبدالحفیظ ،ناظم علاقہ کورنگی شرقی شعیب ایاز ،یوسی زمان ٹائون کونگی کے جماعت اسلامی کے امیدوار محمد قاسم خان ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔اسامہ بن نرضی نے کہا کہ حضور ﷺ نے وقت کے طاغوت کوللکار ااور اسلامی ریاست کے قیام کیلئے حرم کعبہ اور اپنا شہر مکہ چھوڑا اوراسلام کاعادلانہ نظام عملی طور پر نافذ کیا اورجدوجہد کاراستہ اختیار کرتے ہوئے مشن نبوت کو زندہ کیا ۔انھوں نے کہا کہ آج بھی ہم سیرت مصطفی ﷺپر عمل پیرا ہوکر طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں ۔پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا لیکن افسوس کہ ایک دن کے لئے بھی یہاں اسلام کا نفاز نہیں ہوسکا۔وقت کے ابو جہل آج بھی ہمارے سروں پر مسلط ہیں ان ابوجہلوں کا مقابلہ قرآن کے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل پیرا ہوکر ہی کیا جاسکتا ہے قرآن ہمیں ہر دائرے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے ۔جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے ہم صرف ایک ماہ یا بارہ دن کیلئے اللہ کے رسول کو یاد نہیں کرتے بلکہ زندگی کے ہرگوشے اور دائرے میں حضور ﷺ کی سنت کو نافذ کرنا چاہتے ہیں۔قاری منصور احمد نے کہا کہ حضور آئے توزمانے کو روشنی ملی اور تاریکیوں کا خاتمہ ہوا ۔عشق مصطفی کا تقاضہ ہے کہ ہم اسوہ رسول ﷺ پر عمل پیر ہوکر باطل قوتوں کامقابلہ کریں اور پاکستان میں نظام مصطفی عملی طور پر نافذ کیا جائے ۔