کراچی(اسپورٹس رپورٹر)سہ فریقی کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دیدی۔پاکستان نے 19ویں اوور کی دوسری گیند پر 148 رنز کا ہدف چار وکٹوں پرحاصل کیا۔کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، اور مقررہ 20 اوورز میں8وکٹوںپر 147رنز بنائے ۔فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اننگز کا آغاز کیا۔پاکستان کو پہلا بریک تھرو محمد وسیم جونیئر نے تیسرے اوور میں فن ایلن کی صورت میں دیا جو محض 13 رنز ہی بناسکے۔ ڈیون کانوے 36، کپتان کین ولیمسن 31، گلین فلپس 18، مارک چیپمین 32، جیمز نیشم 5، مائیکل بریس ویل صفر، ایش سوڈھی 2 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ بالترتیب 1 اور 2 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔حارث رؤف نے 19ویں اوور میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور 4 اوورز میں 28 رنز دیئے۔ محمد وسیم جونیئر اور محمد نواز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ‘ شاہنواز دھانی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، رضوان 12 گیندوں پر صرف 4 رنز ہی بنا سکے اور ٹم سائوتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔کپتان بابر اعظم نے 79 رنز کی
ناقابلِ شکست ذمہ دارانہ اننگز کھیلی ،ون ڈائون بیٹر شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے ہی آئوٹ ہوگئے۔ شاداب خان نے 22 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد نواز نے 19 گیندوںپر 16 رنز بنائے۔ حیدر علی نے 2 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 10 رنز بنائے اور وننگ شاٹ کھیلا۔ بلیئر ٹکنر نے دو ‘ٹرینٹ بولٹ اور ٹم سائوتھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ کپتان بابر اعظم کو 'مین آف دی میچ' ایوارڈ دیا گیا۔نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیںآج آمنے سامنے ہونگی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کین ولیمسن کی قیادت میں میدان میں اتریگی جبکہ بنگلہ دیش کو نورالحسن لیڈ کرینگے۔ سیریز کا چوتھا میچ 11 اکتوبر کو پاکستان اور نیوزی لینڈ، پانچواں میچ 12 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش جبکہ چھٹا اور آخری میچ 13 اکتوبر کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائیگا‘میچ دن گیارہ بجے شروع ہوگا، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ 14 اکتوبر کو ہوگا۔ وضح رہے کہ پاکستان اپنے پہلے دونوں میچ جیت کر 4 پوانٹس کیساتھ سرفہرست ہے۔