لاہور(رفیعہ ناہیداکرام) محکمہ بہبود آبادی پنجاب کی ڈائریکٹر جنرل ثمن رائے نے کہاہے کہ ذہنی صحت کو نظرانداز کرنا درست نہیں،پنجاب بھر میں خواتین کو ان کی جذباتی اور نفسیاتی مشکلات سے محفوظ رکھنے کے لئے ذہنی صحت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، محکمہ خواتین کی ذہنی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پنجاب بھر میں مشاورتی خدمات فراہم کرتا ہے انہیںتسلی دینے اور مشورہ دینے کیلئے محکمہ کے فیملی ہیلتھ کلینکس میں نفسیاتی ماہرین کو مقرر کیا گیاہے۔وہ گزشتہ روز نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کررہی تھیں۔ انہوںنے مزید کہا کہ ہمارے معاشرے میںذہنی صحت ایک نظر انداز شدہ موضوع ہے، خواتین بچے کی پیدائش کے بعد اداس اور بے چین ہو جاتی ہیں اس صورتحال کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ بہبود آبادی پنجاب پائیدار ترقی کے حصول کیلئے صوبہ میں آبادی میں اضافے کو مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہے اور اس ضمن میں عوام الناس تک خاندانی منصوبہ بندی کی مربوط خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
ذہنی صحت کو نظر انداز کرنا درست نہیں: ثمن رائے `
Oct 09, 2022