لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جامع حزب الاحناف مفتی پیرسید مصطفی اشرف رضوی نے کہا کہ عشق رسول ایمان کی شرط اول ہے اور اس کے بغیر ایمان نامکمل ہے۔ سیرت رسول مشعل راہ ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مرکزی میلاد کمیٹی جامعہ حزب الاحناف کے 25ویں سالانہ مشعل بردار جلوس کی قیادت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جلوس میں ناظم اعلیٰ دارالعلوم حزب الاحناف حیدر مصطفی رضوی، اویس شاہ زنجانی،ادریس شاہ زنجانی،ندیم اشرف رضوی،مراداحمد رضوی، علامہ اشرف شاکر،قاری جاوید،مفتی منصب علی قادری، علامہ عطا ءمحمد گولڑی ،حسن علی قادری،قاری محمد طفیل اور علماءالمشائح کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جلوس کے شرکاءہزاروں مشعلیں روشن کئے کلمہ طیبہ اوردرود شریف کا ورد کرتے ہوئے داتا دربار سے روانہ ہوئے۔ جلوس ریگل چوک جا کر اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر مفتی پیر سید مصطفی اشرف رضوی نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، پاک فوج کے شہداءاور کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعاکروائی۔