قصور(نمائندہ نوائے وقت) پی ٹی آئی کے امید وار برائے صوبائی اسمبلی پی پی 175 مہر محمد لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی ہے جو لگتا ہے کہ کچھ مقتدر حلقوں کو پسند نہیں آرہی۔عمران خاں کے نام سے ہی حکمرانوں پر بوکھلاہٹ طاری ہو چکی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے، انتقامی کاررائیوں میں امپورٹڈ حکمرانوں نے آمر حکمرانوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور آمریت دور کی یاد تازہ کر دی ہے، پی ٹی آئی کے کار کنان مقدمے اور گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں، قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے فسطائی حکومت کا ہر میدان میں مقابلہ کریں گے۔ امپورٹڈ حکمرانوں کی پہلے دن سے خواہش تھی کہ این آر او ٹو دیا جائے ۔ عمران خان نے لٹیروں اور قومی مجرموں کو این آر او دینے سے انکار کیا تھا۔