حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)متحدہ جمعیت اہل حدیث پاکستان کے مرکزی امیر، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ کو اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے اجلاس میں مسترد کر دیا ہے۔ اس کی متعدد شقوں کو قطعی طور پر اسلامی تعلیمات سے متصادم قرار دیا ہے۔ البتہ خوجہ سرائوں کے حقوق کو یقینی بنانا اور نہیں معاشرے میں باعزت زندگی گزارنے کا حق اسلامی تعلیمات میں شامل ہے۔ اس ایکٹ کا جو حصہ خواجہ سرائوں کے حقوق کی بات کرتا ہے، وہ قابل عمل ہے، اس کو الگ کرکے عنوان ٹرانس جینڈر کی بجائے خواجہ سرائوں کی شناخت کے مطابق رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایک دینی جتماع سے خطاب اور گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک عزیز پاکستان میں موجودہ صورت حال اور سیاسی تنائو کے خاتمہ کے لیے محب وطن قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ موجودہ حالات میں جو آڈیوز لیک کی جا رہی ہیں، ان سے قوم میں فکری انتشار بڑھ رہا ہے۔ وطن کی سلامتی اس بات کی متقاضی ہے کہ قوم کو فکری یک جہتی کی لڑی میں پرویا جائے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں خود پی ڈی ایم لانگ مارچ کرتی رہی ہے، یہ جمہوریت کا حصہ اور اپوزیشن کا حق ہے۔ البتہ اس موقع پر حکومت اور اپوزیشن کو عوام کو آپس میں الجھانے کی بجائے نہیت ذمہ دارانہ طرز عمل اپنانا ہو گا۔