قوم جشنِ عید میلاد النبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام سے آج منا رہی ہے

اسلام آباد: پاکستانی قوم جشنِ عید میلاد النبی ﷺ نہایت عقیدت و احترام سے آج منارہی ہے، گزشتہ روز سے ہی شہر شہر چراغاں، مساجد، گھروں، دفاتر اور دیگر عمارات کو قمقموں اور مختلف بینرز سے سجایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آج جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقعے پر دن کے آغاز پر صوبائی دارالخلافوں بشمول کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی۔ملک بھر میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقعے پر محفلِ سماع، جلسے جلوس اور ریلیاں، مذہبی مجالس اور مساجد میں خطابات ہوں گے۔ گزشتہ روز سے ہی کراچی سمیت مختلف شہروں میں مذہبی مجالس کا اہتمام جاری ہے۔

کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں 12 ربیع الاوّل کی آمد پر مساجد، عمارات اور محلے انتہائی خوبصورتی سے سجا دئیے گئے۔ کراچی میں 40 سے زائد مقامات سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے جائیں گے۔تمام تر چھوٹے بڑے جلوسوں کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، جو عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کا حصہ بن جائیں گے۔ جلوس کی مناسبت سے ایم اے جناح روڈ کنٹینرز لگا کر ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔ایم اے جناح روڈ پر جلوس کی حفاظت کیلئے پولیس اور رینجرز اہلکاروں نے ڈیوٹی سنبھال لی جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

کراچی، لاہور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کی سکیورتی کیلئے موبائل سروس اور انٹرنیٹ کو بند کردیا گیا ہے۔ محکمۂ داخلہ پنجاب کی درخواست پر پی ٹی اے کو مراسلہ ارسال کردیا گیا۔بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں صبح 8 سے رات 8 بجے تک موبائل سروس معطل رہے گی۔ واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے ہی موبائل سروس بند ہے۔ آج بھی موبائل سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ 

ای پیپر دی نیشن