لاہور(سپورٹس رپورٹر ) آئی سی سی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ نے کھلاڑیوں کی انجریز کے حوالے سے اپ ڈیٹ دی ہے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن انجری کی وجہ سے ورلڈکپ کے دوسرے میچ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔ بلیک کیپس کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں گیری سٹیڈ نے کہا کہ کین ولیمسن انجری سے صحتیاب ہو رہے ہیں، انہیں فیلڈنگ میں اب بھی مشکل کا سامنا ہے۔کین ولیمسن تیسرے میچ کےلئے دستیاب ہوں گے، اس کے علاوہ فاسٹ باﺅلر لوکی فرگوسن نے ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔ لوکی فرگوسن دوسرے میچ کیلئے دستیاب ہوں گے، ٹم ساﺅتھی نے بھی ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، باﺅلنگ اور فیلڈنگ کی ، میچ سے پہلے ٹم ساﺅتھی کا فائنل ایکسرے کیا جائےگا، رپورٹ کے بعد ان کی میچ میں شمولیت کا فیصلہ ہوگا۔ حیدرآباد میں نیدرلینڈز کےخلاف میچ کی تیاری کر رہے ہیں، ٹریننگ سیشن کے بعد ٹیم پلیئنگ الیون کو فائنل کریں گے۔ نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ آج حیدرآباد میں کھیلا جائےگا۔