لاہور( خصوصی نامہ نگار ) جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی ہمدردیاں اور دعائیں مظلوم فلسطینیوں کےساتھ ہیں۔ مظلوم فلسطینی اسرائیلی مظالم کے ردعمل میں اسرائیلی افواج کو جواب دینے پر مجبور ہیں۔تازہ اسرائیلی جارحیت میں سینکڑوں معصوم فلسطینی مسلمانوں کی شہادت گہرے رنج و غم کا سبب ہے۔ اقوا م متحدہ اسرائیل فلسطین تنازع کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے۔گذشتہ روز جماعتی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو ایک نظریہ کی بنیاد پر وجود میں آیا۔ عالمی استعماری طاقتوں نے روزِاوّل سے ہی ا سے دل سے تسلیم نہیں کیا اور سازشوں کا مرکز بنایا، انہی سازشوں کے نتیجے میں ملک پہلے ہی دولخت ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے استعماری قوتوں کے آلہ کار ہیں، قوموں کو مقروض کر کے ان کی آزادی اور خودمختاری کو سلب کرنا ان کا آزمودہ طریقہ واردات ہے۔ ملک میں معاشی بدحالی، بدامنی اور دھماکے استعماری طاقتوں کی سازشوں کا نتیجہ ہیں، اسلامی نظام تمام مسائل کا واحدحل ہے۔