انگریزی ذریعہ تعلیم سے ہمارا زیادہ ٹیلنٹ ضائع ہو جاتا ہے:ڈاکٹر جمال ناصر

Oct 09, 2023

لاہور(نیوزرپورٹر) وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ انگریزی ذریعہ تعلیم کی وجہ سے ہمارا بہت زیادہ ٹیلنٹ ضائع ہو جاتا ہے۔جرمنی، روس، چین، ترکی، ایران اور عرب ممالک نے اپنی مقامی زبان میں پروفیشنل تعلیم دے کر ترقی کی ہے۔ اردو زبان میں اعلیٰ تعلیم اور جدید تحقیق کے ذریعے ملک کو ترقی اورخوشحالی کی راہ پر ڈالا جا سکتا ہے۔ الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور ری ہیبلیٹیشن اہم شعبہ جات ہیں۔ پاکستان میں ان شعبوں میں کام کرنےوالوں کی کمی ہے۔ نجی یونیورسٹیاں اور ادارے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی تیاری کیلئے گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی بین الاقوامی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر رفاہ یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد، ڈیننز، ڈائریکٹرز، غیر ملکی مندوبین اور سکالرز بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پاکستان میں سائنسی موضوعات پر بین الاقوامی کانفرنسز سے دوسرے ممالک کے تجربات سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ رفاہ یونیورسٹی میں معیاری تعلیم کے ساتھ طلباوطالبات کی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر نے کانفرنس کے سپانسرز میں اعزازی شیلڈز تقسیم کیں۔

مزیدخبریں