شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئر مین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ امریکہ کی پالیسیوں کے باعث پوری دنیادہشت گردی کا شکار ہے۔ امریکہ کی طرف سے اسرائیل کو 8ارب ڈالر کی فوجی امداد دینے کے اعلان سے اسرائیل پھرفلسطینیوں کو اپنے ظلم و بربریت کا نشانہ بنائے گا۔ امریکہ اور انڈیا کے اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہونے اور ہر طرح کی امداد کے اعلانات سے تمام مسلم امہ کو ان ممالک کیخلاف یک زبان ہو کر بات کرنا ہوگی۔ وائٹ ہاو¿س کے حماس کیخلاف مذمتی بیانات کوئی انہونی یا افسوس کا مقام نہ ہے بلکہ امریکہ، انڈیا اور اسرائیل اہل اسلام کیلئے ہمیشہ خطرہ رہے ہیں۔مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی نا قابل برداشت ہے۔ او آئی سی کا فوری اجلاس طلب کرکے تمام مسلم امہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر صیہونی طاقتوں کیخلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ فلسطین انڈیا کے مسلمانوں سمیت دیگر ممالک کے مسلمانوں پر اسلام فوبیا والوں کے مظالم کسی سے ڈھکے چھپے نہ ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ امریکہ کو شٹ اپ کال دے کر شرک کی نفی کرتے ہوئے اس کیخلاف ڈٹ جانا ہوگا۔ اختر ڈار نے وزیر اعظم پاکستان چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں یہی دین و دنیا کا تقاضا ہے۔
امریکہ کی پالیسیوں کے باعث پوری دنیادہشت گردی کا شکار ہے:اختر ڈار
Oct 09, 2023