تہران (نیٹ نیوز) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے فلسطینی مزاحمتی گروپوں حماس اور اسلامی جہاد کی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔ ایرانی صدر نے حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہانیہ اور اسلامی جہاد کے جنرل سیکرٹری زیاد النخالا سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور فلسطین کی صورتحال پر گفتگو کی۔ ایرانی خبر رساں سرکاری ایجنسی ارنا کے مطابق ابراہیم رئیسی نے اسماعیل ہانیہ سے ٹیلیفون پر گفتگو میں آپریشن طوفان الاقصیٰ کی تعریف کی اور کہا مجاہدین نے آپریشن طوفان الاقصیٰ کے ذریعے مقبوضہ فلسطین کے اندر اپنی کارروائیوں سے امت مسلمہ کا سر اونچا کردیا ہے۔انہوں نے کہا ہم بہت جلد ایک ساتھ مسجدالاقصیٰ میں نماز پڑھیں گے۔ اسماعیل ہانیہ نے ایرانی صدر کو جارحیت اور مسجدالاقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں کی توہین کو اس آپریشن کی بنیادی وجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا اس جنگ میں وسائل نہ ہونے کے باوجود فلسطینی مجاہدین نے حیرت انگیز کارروائیوں سے اسرائیلی حکومت کو حیران اور اس کا توازن درہم برہم کردیا۔