اسلام آباد‘ کابل (نامہ نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں گذشتہ روز آنے والے زلزلے سے اموات کی تعداد 2 ہزار 4 سو سے بڑھ گئی۔ کابل سے افغان حکام کے مطابق زلزلے سے 9 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ افغان حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ہونے والی اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زلزلے سے ڈیڑھ ہزار مکانات تباہ یا نقصان کا شکار ہوئے ہیں۔ مٹی کے تودے گرنے سے پھنسے افراد کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ ملک کے مغربی صوبے ہرات میں گذشتہ روز 6.3 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کی گہرائی 76 کلو میٹر تھی جبکہ مرکز شمال مغربی افغانستان تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے زندہ جان اور غوریان اضلاع کے 12 دیہات مکمل تباہ ہوئے۔ علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہم متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں افغانستان میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم افغان حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ زلزلے سے متاثر ہونے والوں کی فوری ضروریات کا پہلے ہاتھ سے اندازہ لگایا جا سکے۔ علاوہ ازیںصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افغانستان کے صوبے ہرات میں زلزلے سے قیمتی جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ زلزلے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہے۔ ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلامی دنیا اور عالمی برادری اس مشکل گھڑی میں افغانستان کی مدد کریں۔ صدر مملکت نے جاںبحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کیلئے جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔