مجاہدین نے اسرائیل کا گھمنڈ زمین بوس کر دیا‘ جمعہ کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں گے: فضل الرحمن

لاہور‘ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جے یو آئی آئندہ جمعہ 13 اکتوبر کو ملک بھر میں ضلعی ھیڈ کواٹرز میں مظلوم فلسطینی حریت پسندوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے اور جے یو آئی ملک گیر مظاھرے کرے گی۔ مولانا محمد امجد خان کے مطابق جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جے یو آئی تسلسل کے ساتھ فلسطینیوں کے موقف کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی اپنے اس موقف کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں اور فلسطینی مجاہدین فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دنیا سمجھ رہی تھی کہ مسئلہ فلسطین مردہ بن چکا ہے۔ یہ موضوع دوبارہ زیر بحث نہیں ہوگا اور ہمارے ہاں ایک طبقے نے اسرائیل کو تسلیم کرانے کی ناکام کوشش کی جس کو ہم نے ناکام بنایا تھا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مجاہدین فلسطین کے حملے نے اسرائیل کے دفاعی نظام اور ان کے گھمنڈ کو زمین بوس کردیا ہے اور یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہیے کہ اسرائیل کوئی بڑی قوت نہیں بلکہ اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں سے اپیل ہے کہ انسانی حقوق کا احترام کریں اور بچوں، عورتوں اور عام شہریوں کو گزند نہ پہنچائیں اور اسرائیل کے بچوں، عورتوں کو قتل کرنے کے مقابلے میں فلسطینی ثابت کریں کہ اسلام اور مسلمان کیسے انسانی حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا اقوام متحدہ اپنا فرض پورا کرے، 1967 کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور بیت المقدس کو مسلمانوں کے حوالے کرے اور او آئی سی کا فوری اور بھرپور اجلاس طلب کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن