غیرقانونی تارکین کی واپسی ریاستی پالیسی‘ پریشر برداشت نہیں کرینگے: جان اچکزئی

Oct 09, 2023

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کا جانا ریاستی پالیسی ہے، ہم کسی قسم کا کوئی پریشر برداشت نہیں کریں گے۔ نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ جن کے پاس ویزا ہے ہم ان کو کچھ نہیں کہہ رہے، ہم نے ملک کو انویسٹمنٹ فرینڈلی ملک بنانا ہے، ہم نے ایک نارمل سٹیٹ کی طرف جانا ہے۔ نگران وزیر اطلاعات بلوچستان نے کہا کہ جہاں تک بارڈرز پر سمگلنگ کی بات ہے ہمارے اداروں کے لوگ ملوث رہے ہیں، آرمی چیف نے کھل کر کہا ہے جو سمگلنگ میں ملوث ہوگا ان کا کورٹ مارشل ہوگا۔ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو باعزت طور پر واپس بھیجیں گے۔ ہم تمام سیاسی پارٹیوں کے تحفظات کو دور کریں گے۔ ہم تمام سیاسی پارٹیوں کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں۔ نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ اے این پی کے سربراہ کے بیان کی مذمت کرتا ہوں۔ کراچی کے اردو بولنے والے ملک کی شہ رگ ہیں۔ اردو بولنے والوں کو تارکین وطن سے ملانا قابل مذمت ہے۔ ماضی میں ہزار روپے لیکر لوگوں کے شناختی کارڈ بنائے گئے اب ایسا نہیں چلے گا۔ جن غیر ملکیوں نے غیر قانونی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنائے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

مزیدخبریں