اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) بین الاقوامی عسکری شراکت داری کو فروغ دینے اور فضائی قوت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے، پاک فضائیہ کی ایک آپریشنل ایئر بیس پر 14 ملکی بین الاقوامی فضائی مشق، انڈس شیلڈ-2023 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ائیر وائس مارشل طارق محمود غازی، ائیر آفیسر کمانڈنگ، سینٹرل ائیر کمانڈ، اس پروقار افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ ایئر آفیسر کمانڈنگ سینٹرل ایئر کمانڈ نے مشق کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے فضائی جنگ کے نئے ابھرتے ہوئے محرکات کے تناظر میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے بین الاقوامی فضائی مشقوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس وسیع مشق کے انعقاد پر ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس کی کاوشوں کو بھی سراہا جس کی بدولت مشق میں حصہ لینے والی فضائی افواج اور اتحادیوں کے مابین موجودہ تعاون اور شراکت داری کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشق انڈس شیلڈ-2023 کی منصوبہ بندی اور اس کا انعقاد، سربراہ پاک فضائیہ، کے وژن کے عین مطابق ہے جس سے پاک فضائیہ کے لئے ٹیکنالوجی کے فروغ، اس کی صلاحیتوں کو جدت سے ہمکنار کرنے اور عصر حاضر کی جنگی حکمت عملیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے فضائی دفاع کے مشترکہ چیلنجز سے م¶ثر انداز میں نمٹا جا سکے گا۔ ایئر وائس مارشل طارق محمود غازی نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ یہ مشق خطے کی اہم فضائی قوتوں کے مابین، تعاون اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ مشق انڈس شیلڈ 2023 میں ترکیہ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، عمان، بحرین، آذربائیجان، انڈونیشیا، مراکش، ازبکستان، چین اور ہنگری سمیت 14 فضائی افواج شرکت کر رہی ہیں۔
فضائی قوت کا شاندار مظاہرہ، 14ملکی مشق انڈس شیلڈ شروع
Oct 09, 2023