راولپنڈی (جنرل رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی پیف پارٹنرز سکولوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا فوری نوٹس لیں۔ موجودہ مہنگائی کے طوفان میں 550 روپے فی کس طالب علم فیسوں کی ادائیگی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے۔ پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز کے مابین پالیسیوں میں واضح فرق دکھائی دے رہا ہے۔ تعلیمی بورڈز کا سارا فوکس معیار کی بجائے فیسیں بڑھانے پر ہے، ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر ابرار احمد خان، سیکرٹری جنرل محمد اعجاز ملک، سینئر نائب صدر شاہد لطیف کے ہمراہ ضلع خوشاب میں تنظیمی دورہ کے موقع پر پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں سرپرست اعلی رانا خلیل احمد ، رانا ناصر محمود، ملک عبد الرحمن ، انجینئر حسیب فیصل، ملک عبد الروف نے بھی شرکت کی ۔ ابرار احمد خان نے مطالبہ کیا کہ طلبا کی ماہانہ فیسوں میں موجودہ مہنگائی کی شرح سے اضافہ کیا جائے اور ان کی ادائیگیاں بروقت کی جائیں۔