سعودی عرب پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ :نعمان سعید

Oct 09, 2023

لاہور( کامرس رپورٹر )معروف پاکستانی ٹیک انٹرپرینیور، سرمایہ کار اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سٹارٹ اپس کے سرپرست نعمان سعید نے کہا ہے کہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام ڈاکٹر عمر سیف کی کوششوں کی بدولت سعودی عرب جیسی بڑی اور انتہائی تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ ہو گئی ہے۔ مستقبل کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے ہمیں اپنی استعداد کار بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے۔ آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سعودی عرب ہی پاکستان کے دوست ممالک میں وہ ملک ہے جو پاکستان میں نئے شعبوں میں بڑی سرمایہ کاری کر سکتا ہے اور حوصلہ افزاءبات یہ ہے کہ حالیہ دورے میں ڈاکٹر عمر سیف کی ساکھ سعودی حکومتی و پرائیویٹ سیکٹرز میں ابھر کر سامنے آئی ہے۔پاکستانی وفد کے حالیہ دورے کو سعودی عرب کی ٹیکنالوجی سے متعلقہ تمام ہی وزارتوں، ذیلی اداروں اور پرائیویٹ سیکٹر نے بھرپور توجہ دی ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آیا پاکستان کا پرائیویٹ سیکٹر ان مواقع سے کتنا فائدہ اٹھا پاتا ہے۔نعمان سعید نے بتایا کہ 100 ملین ڈالر کا پاکستان،سعودی عرب ٹیک ہاﺅس اس سلسلے کی نہایت اہم کڑی ہے اور یہ ٹیک ہاﺅس دونوں ممالک کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کے تعاون میں مرکز جیسا کردار ادا کر سکتا ہے۔ 

مزیدخبریں