مسلم ممالک فلسطینی مجاہدین‘ عوام کی بھرپور عملی مدد کریں: زبیر احمد ظہیر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ مظلوم فلسطین کی مدد ہر مسلمان پر فرض ہے۔ تمام مسلم ممالک کی دینی، ایمانی، اخلاقی اور انسانی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینی مجاہدین اور عوام کی بھرپور عملی مدد کریں اور اس مسئلہ پر تمام مسلم ممالک اور عوام کا بیک آواز ہونا انتہائی ضروری ہے۔ وہ گزشتہ روز مرکز توحید و سنت منارالہدیٰ میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے علاوہ علامہ عنایت اللّٰہ ربانی، پروفیسر فیاض احمد سلفی، مولانا ضیاءالرحمن فاروقی، میاں محمد اصغر اور چوہدری محمد کاشف نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے وہ مغرب اور امریکہ کی پشت پناہی سے مظلوم فلسطینیوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے جس کا ہاتھ مروڑنا اور توڑنا ضروری ہو چکا ہے۔ پاکستان کا بچہ بچہ مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے اور ہم القدس کی آزادی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن