واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ری پبلکن پارٹی کے دیگر رہنماﺅں نے حماس کی جانب سے اسرائیل پر کئے گئے حالیہ حملے کی ذمہ داری بائیڈن انتظامیہ پر عائد کی ہے۔ امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق ٹرمپ نے ان حملوں کی وجہ امریکا کی جانب سے ایران کو منتقل کیے گئے 6 ارب ڈالر کو قرار دیا تاہم بائیڈن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب تک یہ رقم خرچ نہیں کی گئی۔ حماس کی جانب سے ہفتہ کو علی الصبح کیے گئے اس حملے کے بعد امریکی صدارتی انتخاب میں خارجہ پالیسی کا محاذ نئے سرے سے کھل گیا ہے، جہاں اس مرتبہ صدارتی انتخاب میں خاص طور پر خارجہ پالیسی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ یوکرائن پر روس کے حملے نے ریپبلکنز کو منقسم کر دیا ہے جہاں ٹرمپ اور فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹیس جیسے کچھ لوگ اس جنگ میں امریکی شمولیت پر سوالات اٹھاتے ہیں تو دوسری جانب سابق نائب صدر مائیک پینس جیسے دیگر افراد یوکرائن کی فوج کی حمایت کو امریکی قومی سلامتی کے مفادات کے لیے ضروری سمجھتے ہیں۔