اسلام آباد(نا مہ نگار)حماس نے طوفان الاقصی آپریشن میں اسرائیل کے غرور اور ظلم کو خاک میںملا دیا ہے، اسرائیل ناجائز ریاست ہے۔ امریکہ اور یورپ اسرائیلی ناجائز ریاست کی ناجائز سرپرستی کر رہے ہیں۔ اسرائیلوں نے گزشتہ عرصہ میں 300فلسطینی شہید کر دیے ، فلسطینی سرزمین پر ناجائز بستیاں آباد کر دیں۔ فلسطینوں کے پاس تنگ آمد بجنگ آمد کے سوا کوئی راستہ نہیں ،اسرائیل جتنا بھی ظلم کر لے فلسطینی آزادی اور اپنی سرزمین سے دست بردار ہونے کے لیے تیار نہیں۔ غزہ کے فلسطینی مجاہدوں اور حماس کو دنیا بھر کے مسلمانوں کی حمایت حاصل ہے۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر ، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور مرکزی قائدین حافظ زبیر احمد ظہیر ، حافظ عبدالغفار روپڑی ، مولانا عبدالمالک ، مفتی گلزار احمد نعیمی، سید ناصر عباس شیرازی ، پیر سید ہارون گیلانی ، علامہ عارف حسین واحدی ، اسد اللہ بھٹو ، عبدالحق ہاشمی ، پیر صفدر شاہ گیلانی، ضیا اللہ شاہ بخاری، پیر عبدالرحیم نقشبندی اور دیگر رہنماوں نے مشترکہ بیان میں حماس کے طوفان الاقصی آپریشن کو عین حق قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی پاکیزہ زمین پر صیہونیوں کے ناپاک قبضہ کو فلسطینی کسی قیمت قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ۔
حماس نے آپریشن میں اسرائیل کا غرور خاک میں ملایا،صدر ملی یکجہتی کونسل
Oct 09, 2023