راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ صرف الفاظ اور باتوں سے نہیں بلکہ اسوہ حسنہ پر عمل درآمد کرکے ہی مسلمان دنیا اور آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گفتار کے غازی تو بیشمار ہیں مگر اصل مسلمان وہی ہیں اور ایمان کا تقاضا بھی یہی ہے مسلمان کردار کا غازی بھی ہو اور دنیاوی مقاصد کیلئے دین کے احکامات کو قربان نہ کریں۔یہ بات انہوں نے سالانہ عرس موہڑہ شریف خیابان سرسید میں بطور مہمان خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر معاون خصوصی وزیر اعظم مشال ملک، صاحبزادہ پیر مجتبیٰ فاروق گل بادشاہ، صاحبزادہ پیر عمر فاروق گل بادشاہ، ضیاءاللہ شاہ، حافظ اقبال رضوی، قاری سلیم اللہ اور دیگر بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ مسلمانوں کو درپیش مسائل کا حل اتحاد بین المسلمین سے ہی ممکن ہے اور اس وقت ضرورت ہے کہ پوری دنیا میں موجود مسلمان اپنے اختلافات پس پشت ڈال کر کیلئے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے پاس وسائل ہیں، دنیاوی طاقت، دولت اور ہتھیار بھی ہیں اور وافر تعداد میں موجود ہیں مگر ضروت ہے کہ مسلمان ایمان کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا دفاع کریں۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ پاکستان میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے علماءکرام نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے اور اس عظیم مقصد کیلئے قربانیاں بھی دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علماءاپنے علمی مقام اور دین پر ثابت قوم ہونے کی وجہ سے پوری مسلم دنیا میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں اور انکی عزت کی جاتی ہے۔عرس کے آخر میں صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر اور معاون خصوصی مشال ملک نے دربار عالیہ موہڑہ شریف کے مدرسہ سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔
اسوہ حسنہ پر عمل کرکے ہی دنیا اور آخرت مےں کامیابی ہو سکتے ہیں، ڈاکٹر جمال ناصر
Oct 09, 2023