رحیم یار خان: کچے میں پولیس کی ایک اور کامیاب کارروائی،  مزید 2 ڈاکو ہلاک 

Oct 09, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچہ کریمنلز کے خلاف ایک اور کامیاب آپریشن سرانجام دیتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث کچہ ایریا کے مزید دو ڈاکو نصیر عرف میلہ لٹھانی اور طارق جھکرانی کو کیفر کردار تک پہنچا دیا۔ ہلاک ڈاکو نصیر عرف میلہ لتھانی بھونگ میں پولیس کانسٹیبل اکبر گوپانگ کے قتل میں پولیس کو مطلوب تھا۔ رحیم یار خان پولیس نے چوک شہباز پور کے علاقے میںآپریشن کیا، ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر  فائرنگ شروع کر دی۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ڈاکو انجام کو پہنچے۔ ہلاک ڈاکو پولیس اہلکاروں کے قتل، ڈکیتی سمیت سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں سے  بھاری اسلحہ، سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس ٹیم کو  شاباش دی۔

مزیدخبریں