کراچی(سٹاف رپورٹر)جامعہ کراچی نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکرعبدالکریم نائیک( ڈاکٹر ذاکر نائیک) کو کلیہ معارف اسلامیہ میںپی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے کی منظوری دے دی۔اعزازی سند دینے کی باقاعدہ منظوری وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کے زیر صدارت منعقدہ یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ اجلاس میں دی گئی تاہم سنڈیکیٹ کے تین اراکین نے اس سلسلے میں اپنے تحفظات کا اظہار اور مخالفت کی، تینوں اراکین جامعہ کراچی میں حکومت سندھ کی جانب سے نامزد ہیں جن میں سعدیہ جاوید، شاہدہ رحمانی اور صاحبزادہ معظم قریشی شامل ہیںجنہوں نے تحفظات کا اظہار کیا اور خاص طور پر خواتین کے حوالے سے ان کی رائے سے اختلاف کیا۔ سنڈیکیٹ کا خصوصی اجلاس گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری کی جانب سے موصول ہونے والے خط کی روشنی میں بلایا گیا تھاجس میں انہوں نے ڈاکٹر ذاکرعبدالکریم نائیک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے کی سفارش کی تھی۔