گورنر کی فیصل آباد آمد‘ شہید کرنل کے ورثاء سے تعزیت‘ ڈسٹرکٹ بار‘ زرعی یونیورسٹی بھی گئے

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان فیصل آباد میں شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت کی رہائش گاہ پر گئے اور شہید کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ فاتحہ خوانی، بلندی درجات کی دعا کی۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے۔ گورنر پنجاب نے خدمات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ گورنر پنجاب نے شہید کے بیٹے سے اظہار شفقت بھی کیا۔ گورنر پنجاب نے شہید کے بیٹوں کا پاک آرمی میں جانے کے عزم کو سراہا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کے زیر اہتمام تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ صدر ڈسٹرکٹ بار میاں انوارالحق ایڈووکیٹ، سیکرٹری رانا مرتضی حکیم، ممبر پنجاب بار کونسل فاروق ڈوگر سمیت تحصیل وضلعی بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران بھی تقریب میں موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں ہائی کورٹ بنچ کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور گورنر پنجاب فیصل آباد میں ہائی کورٹ بنچ کے قیام کے مطالبہ کی مکمل تائید کرتا ہوں اور پوری کوشش کی جائے گی کہ جلد فیصل آباد میں ہائی کورٹ بنچ کا قیام ممکن ہو۔ دریں اثناء گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خاں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 28 ویں کانووکیشن کی صدارت کی۔ کانووکیشن میں 2023ء میں پاس ہونے والے 9194 طلبہ و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جبکہ اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر 26 طلبہ کو گولڈمیڈل، 61 کو سلور اور 20 کو براؤنز میڈل سے نوازا گیا۔ 124 طلبہ و طالبات میں پی ایچ ڈی کی ڈگریاں عطا کیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی زراعت میں ترقی کے حوالے سے گرانقدر خدمات ہیں اور امید ظاہر کی ہے آنے والے سالوں میں بھی یہ اپنا کردار احسن انداز میں ادا کرتی رہے گی۔ اس موقع پر ایلومنائی میٹ کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں صوفی نائٹ، کھیلوں کے مقابلہ جات سمیت مختلف پروگرام ترتیب دیئے گئے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کنٹرولر امتحانات محمد طارق اور سینئر ایلومنائی حافظ عبدالقیوم نے بھی خطاب کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن