لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر غزہ کی صورتحال، اتحاد امت، پاک ایران گیس پائپ لائن اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر گفتگو ہوئی۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پی کے پروفیسر ابراہیم اور ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ پر تمام اسلامی ممالک اور خصوصی طور پر پاکستان، ایران، سعودی عرب اور ترکیہ کو مشترکہ جاندار اور دوٹوک موقف لینا ہو گا۔ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم اور فلسطین میں جارحیت روکنے کے لیے اتحاد امت وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایرانی سفیر کو فلسطین پر ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ سے آگاہ کیا جس میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں نے دو ریاستی حل کی بجائے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بات کی ہے۔ امیر جماعت نے انہیں مسئلہ فلسطین پر جماعت اسلامی کی سفارتی و سیاسی محاذ پر کاوشوں اور فلاحی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا، جس کی رضا امیری مقدم نے تحسین کی۔ امیر جماعت نے ایران پاکستان گیس پائپ لائن کی تکمیل کو دونوں ممالک کی معیشت کی بہتری کی علامت قرار دیا اور اس امر پر زور دیا کہ اسلام آباد اور تہران مل کر اس منصوبہ کو مکمل کریں تاکہ دونوں ممالک کے عوام کا فائدہ ہو۔ انہوں نے پاکستان اور ایران کے درمیان بارٹر تجارت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس سے نہ صرف بارڈر سمگلنگ کا قلع قمع ہوگا بلکہ دونوں ممالک کی معیشت مضبوط ہوگی۔
حافظ نعیم سے ایرانی سفیر کی ملاقات‘ گیس پائپ لائن‘ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
Oct 09, 2024