محکمہ اوقاف کی مبینہ ملی بھگت‘ کمرشل اراضی لیز پر دینے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء

لاہور (خصوصی نامہ نگار) محکمہ اوقاف کی مبینہ ملی بھگت سے کمرشل اراضی اونے پونے داموں لیز پر دینے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء کار جمع کرا دی گئی۔ ایم پی اے شعیب صدیقی کی تحریک التواء میں کہا گیا کہ لاہور شہر میں 2012ء میں پنجاب ہیریٹج قرار دیئے گئے مزار سے ملحقہ اراضی چہیتوں کو الاٹ کر دی گئی۔ پی پی 149 کے علاقے بیگم پورہ میں دربار حضرت ایشان کی 18 مرلے کمرشل اراضی بھونڈے انداز میں الاٹ ہوئی، قیمتی اور کمرشل اراضی کوڑیوں سے بھی سستی 25 لاکھ 45 ہزار ادائیگی پر منظور نظر کے حوالے کر دی، اوقاف کی18 مرحلہ کمرشل اراضی صرف 75 ہزار روپے کرایہ پر 20 سال کے لئے دی گئی۔ اوقاف کے افسروں نے قوانین و ضوابط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مقصود علی اینڈ کمپنی کو کیوں نوازا، پنجاب حکومت نے محکمہ آرکیالوجی نوٹیفکیشن نمبر 2012 /51-7-(SO(Dev  16 مارچ 2012 سیریل نمبر 161 میں اسے ثقافتی ورثہ قرار دیا۔ پنجاب حکومت محکمہ اوقاف کے نااہل،  بدعنوان اور ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائے۔

ای پیپر دی نیشن