عالمی کانفرنس میں سٹریٹجک ڈائیلاگ پر زور: ایٹمی عدم پھیلاؤ کی کوششوں کیلئے پاکستان کے عزم کو تقویت ملی

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)سٹریٹجک ویژن انسٹی ٹیوٹ، اسلام آباد کے زیر اہتمام عالمی  نان پرولیفریشن کانفرنس 2024 منعقد کی گئی،مقصد عالمی سٹریٹجک مسائل پر تعمیری مکالمے کا فروغ اور پاکستان کے پالیسی نقطہ نظر کو اجاگر کرنا تھا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس میں پاکستان کے ممتاز پالیسی سازوں اور پریکٹیشنرز کے علاوہ سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ریٹائرڈ زبیر محمود حیات، مشیر نیشنل کمانڈ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل خالد احمد قدوائی نے بھی شرکت کی اور موضوع پر اظہار خیال کیا۔ کانفرنس کے شرکا میں انسٹی ٹیوٹ آف ورلڈ اکانومی اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز آف روسی اکیڈمی آف سائنسز، سینٹر فار انرجی اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز، روس، چائنا انسٹی ٹیوٹ آف کنٹیمپریری انٹرنیشنل ریلیشنز ، چین، کارنیگی اینڈومنٹ کے ممتاز بین الاقوامی اسکالرز شامل تھے۔ اس کے علاوہ رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ، UK، ماسکو اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (یونیورسٹی)، سینٹ پیٹرزبرگ سٹیٹ یونیورسٹی، شنگھائی یونیورسٹی، پیکنگ یونیورسٹی، البانی یونیورسٹی، سٹیٹ یونیورسٹی آف نیویارک اور یونیورسٹی برمنگھم کے سکالرز نے بھی شرکت کی، کانفرنس نے نہ صرف ایٹمی عدم پھیلائو کی کوششوں کے لیے پاکستان کے عزم کو تقویت بخشی بلکہ علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے سٹریٹجک ڈائیلاگ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ای پیپر دی نیشن