اسلام آباد( اپنے سٹا ف رپو رٹر سے ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ کے کالعدم ٹی ٹی پی (فتنہ الخوارج) اور افغان طالبان سے رابطے ہیں، پی ٹی ایم نے پاکستانی سفارت خانوں پر حملے کئے اور پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کی‘ ان کے حملوں میں افغان شہری ملوث پائے گئے‘ تمام شواہد حاصل کرنے کے بعد پی ٹی ایم پر پابندی عائد کی گئی۔ پچھلے چھ ماہ کے دوران پی ٹی ایم کی سرگرمیاں قابل تشویش رہی ہیں‘ ان کو پاکستان مخالف بیانیہ چلانے کیلئے بیرونی فنڈنگ مل رہی ہے ۔پاکستان کی ریاست کیخلاف باقاعدہ فنڈڈ مہم کی تحقیقات ہو رہی ہیں کہ یہ فنڈنگ کہاں سے آ رہی تھی۔ تحریک انصاف کا پشتون تحفظ موومنٹ سے باقاعدہ رابطہ تھا۔ ‘ پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف منظم مہم چلانا ملکی سالمیت کے خلاف ہے۔آپ پرامن احتجاج کریں، مخالفت کریں، تنقید کریں کوئی قدغن نہیں لیکن جب آپ پاکستان کے پرچم کو نذر آتش کرنے کی باتیں کریں گے ۔پی ٹی ایم ایک کالعدم تنظیم ہے، اس کے ساتھ روابط رکھنا، فنڈنگ کرنا، اسے کسی بھی طریقے سے پروموٹ یا سپورٹ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ کچھ لوگوں کو پاک چین دوستی ہضم نہیں ہو رہی لیکن ہم اس کمٹمنٹ کے ساتھ کھڑے ہیں وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کر دیا ہے کہ کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرے۔ پوری دنیا پاکستان کی معاشی ترقی کی معترف ہے، ہمارے معاشی اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں، بلومبرگ پاکستانی معیشت کی تعریف کر رہا ہے، فچ اور موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ بہتر کر دی ہیں، مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کس نے منع کیا ہے کہ وزیراعلی خیبر پی کے مہنگائی میں کمی کے اثرات اپنے صوبے کے عوام کو منتقل نہیں کر رہے۔ وزیراعظم نے تمام صوبوں کے وزرااعلی کو خط لکھا ہے کہ مہنگائی میں کمی کے اثرات عوام کو منتقل کئے جائیں‘ یہ صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز مہنگائی میں کمی کے اثرات صوبے کے عوام کو منتقل کر رہی ہیں۔ کسی بھی تنظیم کو شواہد کی بنیادوں پر کالعدم قرار دیا جاتا ہے، اس کے اندر تمام ثبوت دیکھے جاتے ہیں۔