سید شعیب شاہ رم
shoaib.shahram@gmail.com
7 اکتوبر کو فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پر ملک و قوم نے فلسطینی بہن بھائیوں کی حمایت میں "ملک گیر یوم یکجہتی فلسطین"کادن منایا۔ایوان صدر میںحکومت کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد اور ملک بھر میں عوامی سطح پر فلسطین سے یکجہتی کیلئے جگہ جگہ مظاہرے اس بات کا برملا اظہارہے کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف حکومت ،تمام سیاسی و دینی جماعتیں ملک و قوم کی آواز پر اس احتجاج میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔ ملک بھر کی طرح اسی جذبے کے ساتھ کراچی میں بھی بیک وقت سینکڑوں مقامات، اہم شاہراہوں پر نہتے و مظلوم فلسطینیوں سے اظہار ہمدردی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ احتجاج کرنے والوں میں وزراء ، سرکاری افسران، علماء اکرام، سول سوسائٹی، تاجر، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پیپلز پارٹی کے تحت یوم یکجہتی فلسطین پر کلفٹن تین تلوار پر مظاہرہ کیا گیا جس میں سیکڑوں خواتین اور مرد کارکنان ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم تھامے ہوئے تھے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے تھے۔ وزیر بلدیات و لیبر سندھ اور پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے مظاہرین سے مرکزی خطاب کیا، مقررین کے مطابق مسئلہ فلسطین پر اب مذمتی بیانات سے آگے بڑھنا ہوگا۔اسرائیلی دہشت گردی پر دنیا کی بڑی طاقتیں خاموش ہیں، ہم اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں، دنیا میں کہیں بھی چھوٹا واقعہ ہو تو فوراً مذمت کی جاتی ہے ، مگر فلسطین کے معاملے پر امریکہ سمیت تمام بڑے ممالک خاموش ہیں، جب تک کوئی بڑا اور اجتماعی فیصلہ نہیں ہوگا تب تک اسرائیل کو نہیں روکا جاسکے گا۔ اسی طرح غزہ اور لبنان پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف جماعت اسلامی کراچی نے شاہراہ فیصل پر الاقصیٰ ملین مارچ کا انعقاد کیا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی ، تمام مکاتب فکر نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مارچ میں شرکت کی۔ مقررین نے عالم اسلام کے حکمرانوں اور افواج پر زور دیا کہ نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکی سرپرستی میں اسرائیل کی بڑھتی ہوئی جارحیت روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ غزہ کے بعد لبنان کو نشانہ بنانے والا اسرائیل کسی اور ملک کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مؤقف اختیار کیا کہ اس وقت فرقہ ورانہ بنیادوں پر اختلاف اور تقسیم پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کیا جارہا ہے ،اسے ناکام بنایا جائے ، سعودی عرب اور ایران پر خصوصی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ تقسیم پیدا نہ ہونے دیں، امریکا اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا۔ عالم اسلام کا اتحاد اسرائیل کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کردے گا۔حماس کے ترجمان خالد قدومی نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا جس میں ان کا مؤقف تھا کہ ایک سال سے اہل فلسطین جنگ کا شکار ہیں۔ ہزاروں کو شہید کیا گیا۔ 10 ہزار سے زائد لاپتا اور ہزاروں زخمی ہیں۔ حماس کے مجاہدین طوفان الاقصیٰ کے نظریے کے تحت آگے بڑھ رہے ہیں۔ حماس کے مجاہدین پر عزم ہیں۔امریکا، برطانیہ، فرانس اسرائیل کی پشت پناہی کررہے۔ مقررین کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں شہادتوں کے بعد بھی مجاہدین کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثارکھوڑو اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم غزہ و لبنان میں اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ عالم اقوام سے کہنا چاہتے ہیں کہ بے حسی ختم کرو۔ تمام پارٹیاں جمع ہوکر اسرائیل کی مخالفت کررہی ہیں۔مقررین نے اہالیان کراچی کو خراج عقیدت پیش کیا کہ جنہوں نے ایک مرتبہ پھر کراچی کی لاج رکھی۔ مجلس وحدت المسلمین کے علامہ باقر زیدی نے حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ شہادت پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے ڈٹے رہنے پر فلسطینیوں کی ہمت کو سراہا۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ریلی سے خطاب قیادت کی اور خطاب کیا کہ اس سے زیادہ المناک بات اور کیا ہوسکتی ہے کہ آج مظلوم اور بے یارو مدد گار فلسطینی عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے والا کوئی دکھائی نہیں دیتا، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں کو اب خواب غفلت سے جاگ جانا چاہئے، بصورت دیگر عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی ذمہ داری ان پر بھی عائد ہوگی جنہوں نے مصلحتوں کے پیش نظر اس اہم اور انتہائی سنگین انسانی مسئلے کو نظر انداز کیا اور اس طرح اسرائیل کو ہر طریقے سے خطے میں اپنی من مانی کی اجازت دی، آج کا دن ہم نے غزہ اور دیگر علاقوں میں مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے نام کیا اور یہ امر باعث ستائش ہے کہ سٹی کونسل کی خواتین ممبران نے اس موقع پر اسرائیلی ظلم و بربریت کے خلاف سراپا احتجاج بنتے ہوئے کے ایم سی صدر دفتر کے باہر فلسطینیوں سے یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے ریلی نکالی، یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر کے ایم سی ہیڈ آفس کے باہر سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما مسرت نیازی کی قیادت میں ریلی میں شریک خواتین ممبران نے مرتضی وہاب سے ملاقات کی، میئر کراچی کو مسرت نیازی نے فلسطین کا پرچم اور مخصوص فلسطینی مفلر پیش کیا۔
فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں جامعہ کراچی میں قائم کی گئی ’’دیوار یکجہتی‘‘ پر دستخطی مہم کا آغاز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے دستخط کرکے کیا۔ مہم کے افتتاح کے موقع پر رئیس کلیہ معارف اسلامی ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، رئیس کلیہ فنون ڈاکٹر شائستہ تبسم اور رئیس کلیہ علوم(سائنس) ڈاکٹر تبسم نے بھی اپنے دستخط کیے، جس کے بعد جامعہ کراچی کے اساتذہ، طلبہ و ملازمین کی بڑی تعداد آرٹس لابی میں جمع ہوتی گئی اور دستخطی مہم میں حصہ لیا۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے اساتذہ و طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو حقوق اور خود پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں، ہم پر بھی لازم ہے کہ ہم ان کے لیے آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرگرمی اس سوچ کا اظہار ہے کہ ہم سب فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، ان کی مدد ہماری ذمے داری ہے۔
اس موقع پر جب ہر فرد فلسطین سے اظہار یکجہتی کر رہا ہے ایسے میں خصوصی افراد کیسے پیچھے رہ سکتے ہیں، کراچی میں شاہراہ فیصل پر خصوصی افراد میں احتجاج کیا۔ مظاہرے میں قوت گویائی و سماعت سے محروم بچوں،بوڑھوں،جوان مردو خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ بصارت سے محروم نور العین اور صابر نے اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے ترانہ پیش کیا۔ مظاہرے سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر سیف الدین ایڈووکیٹ،قائم مقام امیر ضلع شرقی وگلشن اقبال ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد، نائب امیر ضلع نعیم اختر ودیگر نے بھی خطاب کیا۔جبکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین، جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مقررین نے کہا کہ خصوصی افراد نے مظاہرہ کرکے ثابت کردیا معذوری کچھ کر گزرنے کے لیے رکاوٹ نہیں بنتی۔ انہوں نے حکمرانوں کو پیغام دیا کہ اگر وہ صحیح سلامت ہونے کے باوجود کچھ نہیں کرسکتے تو ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں، مسلم ممالک کے حکمران معذور ومحتاج اور امریکہ کے غلام ہیں، وہ تمام تر قوت اور اقتدار کے باوجود گونگے بہرے بنے ہوئے ہیں، مسلمانوں کے اجتماعی مسائل کے ذمہ دار یہی حکمران ہیں جو اقتدار پر قابض ہیں۔