ملتان ٹیسٹ: سلمان آغاکی بھی سنچری ‘ پاکستان  556رنز پر آئوٹ 

Oct 09, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ پر96رنز بنالئے‘قبل ازیں پاکستان ٹیم 556رنز بناکر پویلین لوٹ گئی ۔پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 460 رنز درکار جبکہ 9وکٹیں باقی ہیں۔ کپتان اولی پوپ کھاتہ کھولے بغیر نسیم شاہ کا شکار بنے ۔ جو روٹ 32 اور زیک کرالی 64 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔دوسرے دن کے کھیل کی خاص بات آل رائونڈر سلمان علی آغا کی سنچری تھی۔ انہوں نے ناقابل شکست 104 رنز کی اننگز کھیلی۔ دوسرے دن پاکستان نے پہلی نا مکمل اننگز کا آغاز 4 وکٹوں پر 328 رنز سے کیا۔ نائٹ واچ مین نسیم شاہ 33 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سعود شکیل 82 رنز پر آئوٹ ہوئے۔عامرجمال 7‘شاہین آفریدی 26‘ابرار احمد 3رنز بناسکے ۔ جیک لیچ نے تین، جبکہ برینڈن کرس اور گس اٹکسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔کرس ووکس‘شعیب بشیر اور جوروٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ 

مزیدخبریں