لاہور (سٹاف رپورٹر)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس ہواجس میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔ سی سی پی او لاہور نے ایس ایس پی(انوسٹی گیشن) کو روزانہ کی بنیاد پر نامزد اور نامعلوم ملزمان سے متعلق مقدمات کی مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپ دیا۔انہوں نے کہا کہ مقدمات کی پنڈینسی کو ختم کیا جائے،زیر تفتیش کیسز کو بروقت نمٹایا جائے۔ موٹر سائیکل چوری کی روک تھام کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھرپوراستفادہ کیا جائے۔ ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں سے مسلسل رابطے میں رہیں۔انہوں نے سپروائزری افسران کو ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم کے تحت کرایہ داروں کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ جدید ٹیکنالوجی اور ہومن انٹیلی جنس سے اشتہاری مجرمان کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔ اختیارات سے تجاوز اورکرپشن پر زیرو ٹالرنس ہے۔