لاہور(سٹاف رپورٹر)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کی صدارت میں چائینز شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرزمیں اہم اجلاس ہوا۔ لاہور میں مقیم چینی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق امورکا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چائنیز کی رہائش گاہوں، نقل و حرکت اور سفر کو محفوظ تر بنانے کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔سی سی پی او لاہورنے صوبائی دارالحکومت میں قائم قونصل خانوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران اپنے علاقوں میں چینی شہریوں، چائنیز انسٹالیشن کی انتظامیہ، فوکل پرسنز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مسلسل رابطے میں رہیں۔ایس پیزچائنیزکی رہائش گاہوں اور ورک پلیسز کی باقاعدگی سے چیکنگ یقینی بنائیں۔ چائنیز کی حفاظت کیلئے مرتب کردہ سکیورٹی پلان پرمکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔چینی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ کاروباری یا نجی مقاصد کیلئے آنے والے چینی شہریوں، ماہرین اور سرمایہ کاروں سمیت تمام غیر ملکیوں کی سکیورٹی لاہور پولیس کا اہم فریضہ ہے۔ایس پی یو کے تربیت یافتہ اہلکار چینی شہریوں کی سکیورٹی کے فرائض پوری فرض شناسی کیساتھ ادا کر رہے ہیں۔غیر ملکیوں کی فول پروف سکیورٹی لاہور پولیس کی اہم ذمہ داری ہے۔