لاہور (سٹاف رپورٹر)انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چینی قونصلیٹ آفس لاہور کا دورہ کیا اور ڈپٹی قونصل جنرل مسٹرژاؤ کے سے ملاقات کی۔ آئی جی پنجاب نے چینی ڈپٹی قونصل جنرل سے کراچی دہشت گردی حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ چینی ڈپٹی قونصل جنرل سے جاں بحق شہریوں کے خاندانوں سے اظہار یک جہتی کیااورکہا کہ پنجاب پولیس دکھ کی اس گھڑی میں چینی حکومت اور جاں بحق شہریوں کے خاندان کیساتھ ہے، افسوس ناک واقعہ پاک چین برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازش ہے، چینی باشندوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے، سی پیک منصوبوں، چینی شہریوں کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ چینی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران تمام روٹس پر سکیورٹی مزید موثر بنائی گئی ہے، چینی باشندوں کے روٹس پر تمام گاڑیوں اور مشکوک افراد کی کو چیکنگ یقینی بنایا جارہا ہے۔چینی ڈپٹی قونصل جنرل مسٹرژاؤ کے نے پنجاب میں مختلف پراجیکٹس پر چینی ماہرین اور شہریوں کے سکیورٹی انتظامات پراطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب پولیس چینی شہریوں، رہائش گاہوں اور پراجیکٹس کو بہترین سکیورٹی فراہم کر رہی ہے، سپیشل پروٹیکشن یونٹ چینی شہریوں کی سکیورٹی، رہائش گاہوں، دفاتر، ورکنگ سائٹس کی حفاظت انتہائی جانفشانی سے سر انجام دے رہی ہے، پنجاب پولیس اور چین کے درمیان انفارمیشن شئیرنگ اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے ۔آئی جی پنجاب نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ چینی و غیر ملکی شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، سکیورٹی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں چینی و دیگر غیر ملکی باشندوں کی سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے، چینی و غیر ملکی باشندوں کی نقل و حرکت کے دوران بلٹ پروف گاڑیوں کا استعمال یقینی بنائیں چینی شہریوں کی رہائش گاہوں، پراجیکٹس سائٹ، دفاتر سمیت تمام متعلقہ مقامات پر تعینات نفری ہائی الرٹ رہے اور آرپی اوز، ڈی پی اوز خود سکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کریں۔
آئی جی پنجاب کا دورہ چینی قونصلیٹ ‘قونصل جنرل ژائو کے سے ملاقات
Oct 09, 2024