فیروزوالہ+شیخوپورہ (نمائندگان) موٹروے پر انٹرچینج کوٹ عبدالمالک کے قریب ویگن اور بس کے درمیان خوفناک تصادم میں تبلیغی جماعت کے 5 کارکن جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہو گئے، جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مانسہرہ پشاور کے رہنے والے تبلیغی جماعت کے کارکن ویگن پر تبلیغی مرکز رائے ونڈ جا رہے تھے ویگن کوٹ عبدالمالک انٹرچینج کے قریب پہنچی تو پیچھے سے آنے والی تیز رفتار بس ڈرائیور کو اونگھ آ جانے سے بے قابو ہو کر ویگن سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ویگن موٹروے سے اچھل کر موٹروے کے کنارے لگے درختوں سے ٹکرا کر موٹروے سے نیچے جا کر الٹ گئی، جس کے باعث ویگن میں سوار تبلیغی جماعت کے پانچ کارکن 63 سالہ فرید احمد خان، 60 سالہ امان اللہ خان، 54 سالہ محمد ایوب خان، 71 سالہ بہرام خان، 73 سالہ حضور محمد خان موقع پر جاں بحق ہوگئے جب کہ 10 کارکن زخمی ہو گئے جن میں جاوید احمد خان، نور اسماعیل، تاج خان ، گل شیر وغیرہ شامل ہیں۔ ریسکیو کی ٹیم نے بروقت موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کر دیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کا تعلق مانسہرہ اور کوہاٹ سے ہے۔ کوٹ عبدالمالک پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر لی۔ پولیس نے جاں بحق ہونے والے افراد کی نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ ایک اطلاع کے مطابق حادثہ میں زخمی ہونے والے بعض افراد کا سامان غائب ہو گیا جبکہ پویس حادثہ کی اطلاع ملنے کے باوجود تاخیر سے موقع پر پہنچی۔ ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے کئی افراد کے بازو اور ٹانگوں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں ہیں۔