اسلام آباد(خبرنگار)ہچیسن پورٹس کمپنی کے ایک اعلی سطحی وفد نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ماتحت سائوتھ ایشین پورٹ ٹرمینل پر اپنے آپریشنز کو وسعت دینے کے مواقع تلاش کرنے کے لیے وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری میری ٹائم افیئرز سید ظفر علی شاہ اور ایڈیشنل سیکرٹری عمر ظفر شیخ سمیت اہم حکام نے شرکت کی وفاقی وزیر قیصراحمد شیخ نے ہچیسن کے وفد کا خیرمقدم کیا اور ان کے کاروباری اقدامات کے لیے وزارت کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے موثر ٹرمینل آپریشنز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے میری ٹائم سیکٹر میں ترقی کی سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا یقین دلایا۔وزیر بحری امورنے کہا کہ وزارت سائوتھ ایشین پورٹ ٹرمینل کی کارکردگی اور صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ہچیسن پورٹس کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی ان کا مزید کہنا تھا کہ بندرگاہ میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کو یقینی بنانے کے لیے ہچیسن کے کردار کو سراہتے ہیں اور ہم ان کی مدد جاری رکھے ہوئے ہیںمیٹنگ میں کراچی پورٹ ٹرسٹ اور ہچیسن پورٹس کی انتظامیہ کے درمیان جاری کوششوں پر روشنی ڈالی گئی جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کو فائدہ پہنچانے والی سٹریٹجک بہتری پر توجہ دی گئی۔ اس دوران وفاقی وزیر نے بین الاقوامی میری ٹائم آپریشنز کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے حکومت کے فعال نقطہ نظر پر زور دیاہچیسن پورٹس کے نمائندوں نے ترقی کے لیے اپنے وژن اور ٹرمینل پر اپنی خدمات کی پیشکش کو مزید بڑھانے کی صلاحیت سے آگاہ کیا۔ بات چیت نے ایک نتیجہ خیز شراکت داری کی بنیاد رکھی جس کا مقصد ٹرمینل کے آپریشنل معیارات کو بلند کرنا تھا۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقوں نے اپنے تعاون کے مستقبل اور علاقائی معیشت پر اس کے مثبت اثرات کے بارے میں امید کا اظہار کیا