اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)قومی تعمیراتی صنعت کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (اباد) پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کر لیے۔ آباد بلڈنگ کنسٹرکشن انڈسٹری کی قومی نمائندہ تنظیم ہے اور 1400 سے زیادہ معروف بلڈرز اس کے ممبر ہیں۔ آباد کے ایک اعلی سطحی وفد نے چیئرمین آصف کی قیادت میں نیوٹیک کا دورہ کیا تاکہ تعمیراتی صنعت کے روابط کو نیوٹیک کے ساتھ فکری اور پیشہ ورانہ طور پر مضبوط کیا جا سکے اور مقامی تعمیراتی ٹیکنالوجیز اور مہارتوں کو فروغ دیا جا سکے۔ آباد کی اسپانسر شپ کے تحت، نیوٹیک کراچی میں تعمیراتی صنعت کی تعمیر کے لیے عالمی معیار کی جانچ اور کوالٹی ایشورنس لیب قائم کرے گا جس کا مقصد موجودہ قومی تعمیراتی معیارات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اٹھانا ہے۔ نیوٹیک تعمیراتی صنعت سے وابستہ افرادی قوت کی مہارت اور پیشہ ورانہ مہارت کو بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم قائم کرے گا۔ آباد کی قیادت نے نیوٹیک کو اس کے جدید ہنر مندی کی ترقی کے ماڈل کو فروغ دینے میں سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا جسے تعمیراتی صنعت کام کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اپنائے گی۔ آباد بی ای ٹی کنسٹرکشن پروگرام کے طلبا کو سپانسر کرے گا اور بیچلر آف سول انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے کامیاب گریجویٹس کو ملازمتیں فراہم کرے گا۔ بی ای ٹی پروگرام کے امیدواروں کے ساتھ ساتھ مستقبل کے ملازمین کا انتخاب آباد اور نیوٹیک کی مشترکہ ٹیم 2025 انٹیک سے کرے گی۔
نیشنل یونیورسٹی اور بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے ما بین مفا ہمتی یادداشت پر دستخط
Oct 09, 2024